بنگلورو،7؍ستمبر(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)کرناٹک حکومت نے صحافی اور سماجی کارکن گوری لنکیش کے قتل معاملے کی جانچ کیلئے انسپکٹر جنرل آف پولیس (خفیہ)بی کے سنگھ کی قیادت میں خصوصی تفتیشی ٹیم (ایس آئی ٹی)کی تشکیل کی ہے۔ گوری کا کل رات انکی رہائش گاہ کے سامنے نامعلوم حملہ آوروں نے گولی مار قتل کر دیا تھا۔گزشتہ رات یہاں جاری سرکاری نوٹیفکیشن میں یہ اطلاع دی گئی۔
سرکاری ذرائع کے مطابق پولیس افسر گوری کی رہائش گاہ پر نصب چار سی سی ٹی وی کیمرے اور علاقہ میں لگے مختلف سی سی ٹی وی کیمروں کی ریکارڈنگ کی جانچ کر رہے ہیں۔ ایک کیمرے کی فوٹیج میں ہیلمیٹ سے پورے چہرے کو ڈھکا ایک حملہ آور نظر آ رہا ہے جس نے گوری کو گولی ماری۔ پولیس دیگر ثبوت بھی حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گوری کو تین گولیاں لگیں جن میں سے دو سینے میں اور ایک سر میں لگی ہے۔